امریکہ کے جیالوجیکل سروے نے مشرقی انڈونیشیا میں ایک طاقت ور زلزلے کی خبر دی ہے۔
منگل کے روز جیالوجیکل سروے نے کہا کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.3 تھی اور اس کا مرکزترناتے کے شمال مغرب میں تقریباً 135 کلومیٹر کے فاصلے پر بحیرہ ملوک میں تھا۔
ایک انڈونیشی ویب سائٹ ویوا نیوز ڈاٹ کام نے کہا ہے کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجکر 8 منٹ پر آیا اوراس کی وجہ سے سمندری طوفان کا بھی کچھ خطرہ پیدا ہوا ہے۔
زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے بارے میں فوری طورپر کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں ۔ ماہرین کے مطابق اتنی قوت کا زلزلہ تقریباً 160 کلومیٹر کے دائرے میں آبادیوں کو نقصان پہنچاسکتا ہے۔
انڈونیشیا کرہ ارض کے ایسے حصے میں واقع ہے جہاں زلزلوں کے امکانات زیاد ہیں۔ دسمبر 2004ء میں سمندر کی تہہ میں بڑی قوت کے زلزلے سے پیدا ہونے والے طوفان سونامی سے تقریباً دو لاکھ 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں سے نصف کا تعلق انڈونیشیا کے صوبےآچے سے تھا۔