انڈونیشیا: پانچ مشتبہ دہشت گرد ہلاک

انڈونیشیا: پانچ مشتبہ دہشت گرد ہلاک

انڈونیشیا کی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے دارالحکومت جکارتا اور اس کے ارد گرد انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں پانچ مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے۔

بدھ کے روز ایک چھاپے میں پولیس نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مغربی صوبے جاوا کے ضلع سکام پیک میں عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک مسلح جھڑپ کی جس میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔

پولیس نے سکام پیک میں ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کانام سپتونو بتایا ہے جو جکارتہ میں 2004ء میں آسٹریلیا کے سفارت خانے کے باہر اس خود کش بم دھماکے میں مبینہ طورپر ملوث ہونے کی بنا پر مطلوب تھا جس میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

بدھ کے روز ایک الگ کارروائی میں عہدے داروں نے کہاہے کہ مشرقی جکارتا میں سکیورٹی فورسز نے تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان دو نوں دنوں کی کارروائیوں میں بندوقیں اور گولہ بارود بھی پکڑا گیا تھا۔

انڈونیشیا کے عہدے داروں نے ان پانچوں عسکریت پسندوں کو ،صوبے آچے میں خود کو القاعدہ کہلوانے والے ایک گروپ کے قائم کردہ دہشت گردی کے ایک تربیتی کیمپ سے منسلک کیاہے ۔ پویس نے اس کیمپ کا فروری میں پتا چلایا تھا ، جس کے بعد عہدے داروں نے ملک گیر سطح پر دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کا ایک سلسلہ شروع کیا۔