انڈونیشیا: آتش فشاں پھٹنے سے دو ہلاک

جزیرہ جاوا میں ’ماؤنٹ کیلوڈ‘ نے جمعرات کی رات لاوا اُگلنا شروع کیا اور آتش فشان پھٹنے کے بعد راکھ نے تیس کلو میڑ کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انڈونیشیا میں ایک بڑا آتش فشاں پھٹنے سے کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے جب کہ قریبی علاقوں سے لگ بھگ ایک لاکھ افراد کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا۔

جزیرہ جاوا میں ’ماؤنٹ کیلوڈ‘ نے جمعرات کی رات لاوا اُگلنا شروع کیا اور آتش فشان پھٹنے کے بعد راکھ نے تیس کلو میڑ کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

گہری راکھ کے بادلوں کے باعث مکینوں میں افرا تفری پھیل گئی۔

عہدیداروں نے بتایا کہ دو افراد کی ہلاکت آتش فشاں پھٹنے کے بعد ایک مکان پر ملبہ گرنے سے ہوئی۔

علاقے میں کئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پروازوں کے لیے بند کر دیئے گئے کیوں کہ خدشہ تھا کہ راکھ جہازوں کے انجنوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ آتش فشاں پھٹنے سے بڑی تباہی ہو چکی ہے۔ لیکن جمعہ کو متعدد کم نوعیت کے جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

انڈونیشیا میں کم از کم 130 آتش فشاں پہاڑ ہیں۔

گزشتہ مہینے جزیرہ سماٹرا میں ماؤنٹ سینابنگ میں آتش فشاں پھٹنے سے 16 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ ہزاروں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا اور وسیع علاقے میں فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔