شمالی کوریا کے کم جونگ، ان کے والد اور دادا نے ٹرین سے ہی سفر کیوں کیا ؟

کم جونگ اُن نے روس جانے کے لیے ٹرین سے سفر کیا ۔

سرکاری میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے روس کے سفر کے لیے گہرے سبز رنگ کی ٹرین کا استعمال کیا، جو اگرچہ سست رفتار ہے لیکن اس ملک کے رہنما کئی دہائیوں سے سفر کے لیے ٹرین ہی استعمال کر رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کے طیاروں کے پرانے بیڑے کے مقابلے میں، بلٹ پروف ٹرینیں ایک بڑے وفد کے لیے زیادہ محفوظ اور آرام دہ جگہ، سیکیورٹی گارڈز، خوراک اور سہولیات، اور ملاقاتوں سے پہلے ایجنڈوں پر بات کرنے کی جگہ اور وقت فراہم کرتی ہیں۔

2011 کے آخر میں لیڈر بننے کے بعد سے، کم نے چین اور ویتنام کے دورے کے لیے ٹرین کا استعمال کیا ہے، اور 2019 میں پوٹن سے ملنے کے لیے اس سے قبل روس کا اپنا دورہ بھی ٹرین کے ذریعے کیا تھا۔

ان کی ٹرین کے ذریعے آمد کو بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔

حکمران خاندان کی ٹرینوں کے اندر کیا ہے؟

یہ واضح نہیں ہے کہ شمالی کوریا کے رہنماؤں نے گزشتہ برسوں میں کتنی ٹرینوں کا استعمال کیا ہے، لیکن شمالی کوریا کے نقل و حمل سے متعلق جنوبی کوریا کے ایک ماہر آہن بیونگ من نے کہا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر متعدد ٹرینوں کی ضرورت تھی۔

آہن نے کہا کہ ان ٹرینوں میں ہر ایک میں 10 سے 15 بوگیاں ہوتی ہیں، جن میں سے کچھ صرف لیڈر استعمال کرتے ہیں، جیسے کہ بیڈ روم، لیکن دیگر میں سیکیورٹی گارڈز اور طبی عملہ ہوتا ہے۔

یہ ٹرین حکمران کِم خاندان کے پورے ملک میں عام شمالی کوریائی باشندوں سے ملنے کے لیے طویل سفر کے دوران ریاستی پروپیگنڈے کا مرکز رہی ہے۔

پچھلے سال، پیانگ یانگ کےسرکاری ٹیلی ویژن نے کم جونگ اُن کو ایک سفید ٹرین کار میں مکئی کے پتوں کو چھوتے ہوئے اور سگریٹ پیتے ہوئے، مکئی کی فصلوں پر بحث کرتے ہوئے دکھایا تھا اور کہا کہ کم ایک "کمیونسٹ یوٹوپیا" کی امید کر رہے ہیں۔ "

ٹرینیں کون استعمال کرتا ہے؟

شمالی کوریا کے بانی رہنما، کم ال سنگ ، جو موجودہ رہنما کے دادا تھے، 1994 میں اپنی موت تک باقاعدگی سے ٹرین کے ذریعے ہی بیرون ملک سفر کرتے رہے۔

2002 کی کتاب "اورینٹ ایکسپریس" میں، روسی اہل کار کونسٹنٹین پلیکوسکی نے کم جونگ اُن کے والد اور پیشرو کم جونگ اِل کے ماسکو کے تین ہفتے کے سفر کو بیان کیاہے۔

کم کے پیشرو کم جونگ ا ل

کتاب کے مطابق، اس ٹرین میں، بورڈو اور بیوجولیس شراب کے کیس اور زندہ لابسٹر طیارے کے ذریعے پیرس سے لائے گئے تھے۔

سینئر کم کی ٹرین میں ایک رہائشی بوگی، "ہیڈ کوارٹر" کیریج،کے نام سے تھی۔ ایک ریستوران، دو بکتر بند مرسڈیز سمیت کئی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔

سابق روسی سفارت کار جارجی تولوریا نے ایک آؤٹ لیٹ NK نیوز میں کم کے دورے کو یاد کرتے ہوئے لکھاکہ ٹرین میں سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم تھا اور تمام ڈبے آپس میں منسلک تھے ۔

؎

موجودہ رہنما کے والد، کم جونگ اِل نے تین بار روس کا دورہ کرنے کے لیے مکمل طور پر ٹرینوں پر انحصار کیا، جس میں 2001 میں ماسکو کا 20000 کلومیٹر کا سفر بھی شامل ہے۔جنوبی کوریا کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق،کم جونگ اِل کے لیے ٹرین "ایک پیارا گھر اور ایک دفتر" تھی۔

ان کی موت 2011 کے آخر میں دل کا دورہ پڑنے سے ٹرین میں ہی ہوئی ۔ ان کی ایک ٹرین کا ڈبہ نمائش کے لیے ان کے مقبرے پر رکھا گیا ہے۔

(یہ رپورٹ رائٹرز کی اسٹوری پر مبنی ہے۔)