کرونا وائرس: وائٹ ہاؤس میں احتیاطی تدابیر

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں کرونا وائرس سے متعلق پریس بریفنگ سے خطاب کیا۔ اس موقع پر موجود خفیہ اداروں اور وائٹ ہاؤس کے عملے نے ماسک پہنے ہوئے تھے۔

گزشتہ ہفتے جن دو اہل کاروں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے ان میں نائب صدر مائیک پینس کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر اور ان کے شوہر اسٹیفن ملر بھی شامل ہیں۔ اسٹیفن ملر وائٹ ہاؤس میں سینئر مشیر ہیں۔
 

امریکی صدر کے معاونین کا کہنا ہے کہ ماسک سے متعلق پابندی کا اطلاق دفاتر میں نہیں ہو گا جب کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ماسک استعمال نہیں کریں گے۔ صدر ٹرمپ کئی بار نیوز بریفنگ میں بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ ماسک استعمال نہیں کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کے عملے کو جاری کیے گئے ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سینٹر فار ڈیزز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) بار بار مشورہ دے رہا ہے کہ جہاں سماجی فاصلہ ممکن نہ ہو، وہاں ماسک کا استعمال ضرور کیا جائے۔

پریس بریفنگ کے دوران صدر سے کئی صحافیوں نے مختلف سوالات پوچھے۔ اس دوارن انہیں کئی بار ماسک ہٹانا پڑا۔

وائٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ میں داخل ہونے والے ہر شخص کے لیے ضروری ہے کہ وہ ماسک پہنے۔

وائٹ ہاؤس کے اندر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بارے میں خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔ جمعہ کو صدر ٹرمپ نے پریس بریفنگ کے دوران کیٹی ملر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔
 

صدر ٹرمپ کے سینئر مشیر جیرڈ کشنر اور امریکی سیکریٹری برائے صحت ایڈمرل گروئر بھی روز گارڈن میں ہونے والی پریس بریفنگ کے دوران ماسک پہنے ہوئے نظر آئے۔