صدارت کا منصب سنبھالنے پر ٹرمپ کو عالمی رہنماوں کی مبارک باد

صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے منصب کا حلف اٹھا رہے ہیں فوٹو اے پی ، 20 جنوری 2025

  • پیر کو امریکی صدر کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے پر عالمی رہنماؤں نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
  • ان رہنماؤں میں یوکرین کے صدر والادی میر زیلنسکی، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان،جرمن چانسلر اولاف شلز برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارمر ،کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو،سویڈن کے وزیر اعظم ،اولف کرسٹرسن: فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب اور بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی شامل ہیں۔
  • ان کے علاوہ یورپی کمیشن کی صدر ،ارسلا وان ڈر لیین،نیٹو کے سیکرٹری جنرل، مارک روٹے نے بھی صدر ٹرمپ کی حلف برداری پر مبارکباد دی ہے ۔
  • بکنگھم پیلس کے مطابق، برطانیہ کے شاہ چارلس نے صدر ٹرمپ کو ان کے حلف برداری پر مبارکباد کا ذاتی پیغام بھیجا ہے۔

پیر کو امریکی صدر کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے پر عالمی رہنماؤں نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان

" کیوں کہ مسٹر ٹرمپ نے بارہا کہا کہ وہ روس۔ یوکرین جنگ کو ختم کر دیں گے، اس لیے ہم بطور ترکیہ اس سلسلے میں جو بھی ضروری ہو گا کریں گے۔ ہمیں اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔ مسٹر ٹرمپ کے ساتھ ہماری بات چیت کے دوران یہ مسئلہ ہمارے ایجنڈے پر ہوگا۔ ٹرمپ، اور ہم اس کے مطابق اپنے اقدامات کریں گے، میری خواہش ہے کہ مسٹر ٹرمپ کا دوسرا دور پوری انسانیت کے لیے اچھا ثابت ہو۔

اردن کے شاہ عبداللہ دوئم:

اردن کے شاہ عبداللہ دوئم نے بھی ٹرمپ کو یہ کہتے ہوئے مبارکباد دی ہے کہ ، ’’ ہم امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت داری کی بہت قدر کرتے ہیں اور ہم اپ کے ساتھ ایک زیادہ خوشحال اور پر امن دنیا کے لیے کام کرنے سے وابستہ ہیں ‘‘

یوکرین کے صدرولو دیمیر زیلینسکی

"صدر ٹرمپ ہمیشہ فیصلہ کن ہوتے ہیں، اور انہوں نے مضبوط پالیسی کے ذریعے جس امن کا اعلان کیا وہ امریکی قیادت کو مضبوط کرنے اور پائدار اور منصفانہامن کے حصول کا موقع فراہم کرتا ہے، جو اولین ترجیح ہے۔"

برطانیہ کے شاہ چارلس

برطانیہ کے شاہ چارلس، فائل فوٹو

بکنگھم پیلس کے مطابق شاہ نے صدر ٹرمپ کو ان کی حلف برداری پر مبارکباد کا ذاتی پیغام بھیجا ہے، جو برطانیہ اور امریکہ کے درمیان پائیدار خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی

"مبارک ہو میرے پیارے دوست صدر @realDonaldTrump یونائیٹڈ اسٹیٹس کے 47 ویں صدر کے طور پر آپ کے تاریخی حلف پر! میں ایک بار پھر ایک ساتھ مل کر کام کرنے، دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچانے اور دنیا کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تشکیل کا منتظر ہوں۔ آگے کی کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات!"

جرمن چانسلر اولاف شولز

"آج صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منصب سنبھالا ہے۔ مبارک ہو! امریکہ ہمارا قریبی اتحادی ہے اور ہماری پالیسی کا مقصد ہمیشہ اٹلانٹک خطے کے ملکوں کےدرمیان ایک اچھے رشتے کا قیام رہا ہے۔ یورپی یونین اپنے 27 ملکی ارکان اور 400 ملین سے زیادہ افراد کے ساتھ، ایک مضبوط یونین ہے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو

جسٹن ٹروڈو، کینیڈا کے وزیر اعظم، فائل فوٹو

"مبارک ہو، صدر ٹرمپ۔ کینیڈا اور امریکہ کے درمیان دنیا کی سب سے کامیاب اقتصادی شراکت داری ہے۔ ہمارے پاس ایک بار پھر ، اپنے دونوں ملکوں کے لیے مزید روزگار اور خوشحالی پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا موقع فراہم ہوا ہے ۔"

برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارمر

برطانوی وزیر اعظم ، کیر اسٹارمر ، فائل فوٹو

’’صدیوں سے، ہماری دونوں قوموں کے درمیان اجتماعی اشتراک ، تعاون اور پائیدار شراکت داری کے تعلقات رہے ہیں... ہم نے مل کر دنیا کو ظلم سے بچایا ہے اور اپنی باہمی سلامتی اور خوشحالی کے لیے کام کیا ہے۔"

برطانیہ کے ساتھ "صدر ٹرمپ کے دیرینہ لگاؤ اور تاریخی تعلقات کے پیش نظر، میں جانتا ہوں کہ مضبوط دوستی کا سلسلہ جاری رہے گا۔"

یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈر لین

یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈر لین، فائل فوٹو

"امریکہ کے 47 ویں صدر کے طور پر آپ کی مدت ملازمت کے لیے نیک خواہشات۔ یورپی یونین عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیےآپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی منتظر ہے۔ ایک ساتھ مل کر،ہمارے معاشرے زیادہ خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں اور اپنی مشترکہ سلامتی کو مضبوط کر سکتے ہیں۔

نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے

مارک روٹے، نیٹو کے سیکرٹری جنرل، فائل فوٹو

"صدر ٹرمپ کی منصب پر واپسی کے ساتھ ہی ہم دفاعی اخراجات اور پروڈکشن میں تیزی سے اضافہ کریں گے ۔۔ میری @realDonaldTrump کو امریکہ کے 47 ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے پر، اور @JDVance کو نائب صدر کے طور پر بھر پور مبارکباد۔ ہم مضبوطی کے ذریعے، نیٹو کے ذریعےامن حاصل کر سکتے ہیں۔"

سویڈن کے وزیر اعظم اولف کرسٹرسن

سویڈن کے وزیر اعظم اولف کرسٹرسن فائل فوٹو

"RealDonaldTrump کو امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے پر مبارکباد۔ سویڈن امریکہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا منتظر ہے۔"

فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب

فن لینڈ کے صدر الیکزینڈر اسٹب، فائل فوٹو

"میں آپ کو، @realDonaldTrump کو یونائیٹڈ اسٹیٹس کے صدر کا منصب سنبھالنے پر اپنی دلی مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ امریکہ ہمارا اہم اسٹریٹجک پارٹنر اور اتحادی ہے۔ میں آپ کی مدت صدارت کے دوران قریبی تعاون کا منتظر ہوں۔"

اس رپورٹ کا زیادہ تر مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔