پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ٹیم کے لئے پاکستان کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اقبال امام کو بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ سابق غیر ملکی بیٹنگ کوچ اینڈی رچرڈ کی جگہ لیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقبال امام کا تقرر پی سی بی کی خواتین کی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ مضبوط بنانے اور دیگر ٹیموں کے مقابلے میں ایک اچھی ٹیم کی تشکیل کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
اقبال امام اس وقت کراچی کی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔ اس سے قبل وہ پاکستان انڈر ۔ 19 اور خواتین کی انڈر۔17 ٹیموں کے اسسٹنٹ کوچ رہ چکے ہیں۔
اقبال امام نے 15 برس تک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی ہے جہاں اُنہوں نے 262 میچ کھیل کر 8,439 رنز بنائے اور دائیں ہاتھ سے آف بریک کرتے ہوئے 219 وکٹیں حاصل کیں۔
اقبال امام آج سے پاکستانی خواتین کے تربیتی کیمپ میں شامل ہو رہے ہیں جس کا انعقاد کراچی میں کیا گیا ہے۔ وہ ٹیم کے ہیڈ کوچ کارک کولز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
تربیتی کیمپ مکمل ہونے کے بعد پاکستانی ویمنز ٹیم 29 اپریل کو جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہو گی جہاں وہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے سلسلے میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ساتھ تین ایک روزہ میچ کھیلے گی۔ یہ میچ 6، 9 اور 12 مئی کو کھیلے جائیں گے۔
ایک روزہ میچوں کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ہو گی۔ ٹی ٹوئنٹی میچ مئی کی 15، 18، 19، 22 اور 23 تاریخ کو کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی نے اُمید ظاہر کی ہے کہ نئے بیٹنگ کوچ کی تقرری سے پاکستانی ویمنز ٹیم کا معیار بہتر ہو گا اور یہ ٹیم اپنی عالمی رینکنگ کو بہتر بنا سکے گی۔
اس وقت ون ڈے عالمی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پانچویں اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔