ایران میں ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے ملک نے گزشتہ سال قبضے میں لیے گئے امریکی ڈرون کی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے اس کی نقل تیار کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔
نیم سرکاری خبررساں ایجنسی ’مہر‘ نے پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس ڈویژن کے سربراہ جنرل امیر ولی حاجی زادے کے حوالے سے کہا ہے کہ ماہرین ’یو ایس آر کیو-170 سینٹنل‘ نامی اس جاسوس طیارے میں نصب آلات سے ڈیٹا بھی حاصل کر رہے ہیں۔
بغیر ہوا باز کے پرواز کرنے والا یہ انتہائی جدید طیارہ دسمبر میں مشرقی ایران میں قبضے میں لیا گیا تھا، اور امریکی حکام نے اپنے ایک ڈرون سے محروم ہونے کی تصدیق کی تھی۔
امریکی حکام کا کہنا تھا کہ طیارے میں استعمال کی گئی ٹیکنالوجی اور اس میں محفوظ ڈیٹا حاصل کرنا ایران کے لیے انتہائی مشکل ہوگا کیوں اس نوعیت کے آلات کی اہمیت کو مدد نظر رکھ کر ان میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہوتے ہیں۔