ایران جوہری پروگرام پر بات چیت کے لیے تیار ہے، یورپی یونین

ایران جوہری پروگرام پر بات چیت کے لیے تیار ہے، یورپی یونین

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات بحال کرنے کے لیے تیار ہے۔

کیتھرین ایشٹن نے جمعہ کو برسلز میں صحافیوں کو بتایا کہ ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں اعلیٰ مذاکرات کار سعید جلیلی نے ایک خط کے ذریعے اُنھیں مطلع کیا ہے کہ اُن کا ملک 10نومبر کے بعد بات چیت دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ایشٹن نے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے پانچ مستقل ارکان اور جرمنی کی طرف سے جلیلی کے ساتھ نومبر کے وسط میں مذاکرات کی تجویز دی ہے ۔

یورینیم کی افزودگی کا عمل روکنے سے انکار کے بعد اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے ایران کے خلاف پابندیاں عائد کر رکھی ہیں ۔

امریکہ اور مغربی ممالک کویہ خدشہ ہے کہ ایران افزودہ یورینیم سے جوہری ہتھیار تیار کرسکتا ہے لیکن تہران کا اصرار ہے کہ اُس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔