ایران: فلم ڈائریکٹر جعفر پناہی ضمانت پر رہا

ایرانی میڈیا کی رپورٹو ں میں کہا گیا ہے کہ عہدےد اروں نے انعام یافتہ فلم ڈائریکٹر جعفر پناہی کو تقریباً دو لاکھ ڈالر زر ضمانت پر قید سے رہا کردیا ہے۔

خبروں کے مطابق کہ ایران کی حزب اختلاف کی تحریک کےاس سرگرم حامی کو منگل کے روز ایران کی ایوین جیل سے رہا کیا گیا۔ تاہم رپورٹوں کے مطابق اس کے خلاف ایک فرد جرم اب بھی تہران کی انقلابی عدالت میں دائر کرائی جاسکتی ہے۔

ایرانی عہدے داروں نے پناہی کو مارچ کے مہینے میں ان کی اہلیہ، بیٹی اور 15 گھریلو مہمانوں سمیت گرفتار کیا تھا۔ باقی تمام افراد کو بعد میں رہا کردیا گیاتھا۔

عہدے داروں نے پناہی کو حکومت مخالف ایک فلم بنانے کے الزامات میں گرفتار کیاتھا، جو اس ملک میں ایک سنگین جرم ہے۔ پناہی نے حال ہی میں اپنے اہل خانہ سے ملاقات کے مطالبے کے لیے بھوک ہڑتال کی تھی۔

مسٹر پناہی اپنی فلم (دی سرکل) کی وجہ سے زیادہ معروف ہیں ،جس میں اسلامی حکومت میں خواتین کے ساتھ سلوک پر نکتہ چینی کی گئی ہے۔

اس فلم نے 2000ء میں وینس کے فلمی میلے میں انعام جیتا تھا۔

اس ماہ کے شروع فرانس کے فلمی میلے کینز میں بھی پناہی کو نوازا گیاتھا۔ منتظمین نے ججوں کے پینل کی کرسیوں میں سے ایک کو پناہی کی قید پر احتجاج ریکارڈ کرنے کے لیے خالی رکھا تھا۔