ایران اپنا جوہری پروگرام ترک کرے یا مزید تنہائی کے لیے تیار رہے: جوبائیڈن

امریکی نائب صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام کے سلسلے میں ایک سخت انتخاب کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تہران یاتو لازمی طورپر بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرے اورذمہ دار اقوام میں دوبارہ شامل ہوجائے یا پھر مزید تنہائی اور نتائج کا سامنا کرے۔

انہوں نے یہ تبصرے اپنے یورپ کے دورے کے آغازپر بلجیئم میں ایک تقریر کے دوران کیے۔

اسی اثنا میں اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کواپنے جوہری پروگرام کے بارے میں شکوک وشہبات دور کرنے کی ضرورت ہے۔

بین الاقوامی جوہری توانائی کے ادارے آئی اے ای اے کے سربراہ یوکیا ایمانو نے کہا کہ ان کا ادارہ ان خدشات کو نظرانداز نہیں کرسکتا کہ تہران جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کو ترقی دے رہا ہے۔ ان کے یہ تبصرے خبروں کی متعدد تنظیموں کے ساتھ ان کے انٹرویوز میں سامنے آئے ہیں۔

امریکہ، ایران کے جوہری پروگرام کے خاتمے کے لیے اس کے خلاف چوتھے مرحلے کی پابندیاں لگوانے کی غرض سے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ارکان پرزور دینے کے لیے ایک سفارتی مہم کی قیادت کررہاہے۔