ایران میں منگل کو سر کاری میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ سکیورٹی فورسزنے کالعدم انتہاپسند سنی تنظیم جنداللہ کے مفرور سربراہ عبدالمالک ریگی کو گرفتار کرلیا ہے۔
ان اطلاعات کے مطابق اس باغی لیڈر کی گرفتار ی جنوب مشرقی صوبے سیستان -بلوچستان میں عمل میں آئی جو جنداللہ کا مظبوط گڑھ ہے اور جس کی سرحدیں پاکستانی صوبے بلوچستان سے ملتی ہیں۔
تاہم ایرانی وزیر داخلہ مصطفی محمد نجار نے ملک کے ایک نجی خبر رساں ادارے کو دیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریگی کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ دبئی سے ایک مسافر طیارے کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاست کرغستان جارہا تھا اور بعد میں اسے ایران منتقل کردیا گیا۔ لیکن انھوں نے اس ملک کا نام بتانے سے گریز کیا جہا ں سے جنداللہ کے باغی لیڈر کو گرفتار کیا گیا۔
جنداللہ کے باغی سیستان-بلوچستان میں اقلیتی سنی برادری کے حقوق کے لیے لڑنے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ایران کا ماننا ہے کہ یہ ایک دہشت گرد تنظیم ہے جو مبینہ طور پر امریکہ اور برطانیہ کی خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایران میں عدم استحکام پیدا کرنے کے کوششیں کر رہے ہیں۔
اس تنظیم نے ایران میں حالیہ برسوں میں ہونے والے خودکش اور دوسرے ایسے حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے جن میں بیسیوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان میں گزشتہ اکتوبر میں ہونے والا وہ طاقتور خودکش بم دھماکابھی شامل ہیں جس میں پاسدارن انقلاب کے پانچ فوجی افسران سمیت 40 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ایرانی حکام کا الزام ہے کہ جنداللہ نے ایران کے ساتھ ملنے والے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں اپنے ٹھکانے قائم کر رکھے ہیں جنہیں ایران کی سرزمین پر دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔
پاکستان کا مئوقف ہے کہ وہ کسی انتہا پسند تنظیم کو اپنی سرزمین دوسرے ملکوں پر حملوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتا اور جنداللہ کے باغیوں کو گرفتار کرنے کے لیے وہ ایران سے ہرممکن تعاون کی پالیسی پر قائم ہے۔
پچھلے سال ایران نے جنداللہ سے تعلق اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے الزام میں تنظیم کے 13 ارکان کو سر عام پھانسی پر لٹکا دیا تھا۔ عبدالمالک ریگی کا ایک بھا ئی پہلے ہی ایران کی قید میں ہے اور اسے مبینہ طور پر پاکستانی حکام نے گرفتار کرکے ایرانی حکام کے حوالے کیا تھا۔
تاہم گزشتہ جولائی میں ایران نے اس کی پھانسی پر عملدرامد کو بغیر وجہ بتائے ملتوی کر دیا تھا۔ گذشتہ سال ریگی نے ایک جاپانی سیاح کو اغوا کرنے کے بعد اس کی رہا ئی کے بدلے اپنے بھائی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔