ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے امریکی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ”دنیا کو کیچڑ میں گھسیٹ رہی ہے“۔
تہران سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق ایرانی صدرکی طرف سے امریکہ مخالف حالیہ بیان میں اب تک کی سب سے زیادہ سخت اور ناشائستہ زبان استعمال کی گئی ہے۔
انھوں نے ایک بار پھر اس تنازع کو اٹھایا کہ11ستمبر 2001ء کو نیویارک اور واشنگٹن پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ دار امریکی انتظامیہ ہے۔ یہ نظریہ کئی بار مسترد کیا جاچکا ہے۔
گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں صدر احمدی نژاد نے اس مسئلے پر بات کی تھی جس پر امریکہ اور دیگر ملکوں کے نمائندے اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے تھے۔
امریکی صدر براک اوباما نے ایرانی صدر کے اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے اسے جارحانہ اور نفرت انگیز قرار دیا ہے۔