یورپی یونین نے کہا ہے کہ حفاظتی وجوہات کی بنا پر اُس نے زیادہ تر ایرانی طیاروں کو اپنی فضائی حدود میں سے گذرنے سے روک دیاہے۔
یورپی یونین کے ایک ترجمان نے منگل کےروز کہا کہ اِس فیصلے کی کوئی اور وجہ نہیں ہے۔27 رکنی یورپی بلاک نے کہاہے کہ اُس نے یورپی یونین کی حفاظتی جانچ پڑتال کے نتیجے میں ایرانی طیاروں بوئنگ 727 اور 747 اور ایئر بس A32 کی اپنی فضاؤں میں پرواز پر پابندی لگائی ہے۔ پابندی کی زد میں آنےوالے طیارے ایرائی فضائی بیڑے کا دو تہائی حصہ ہیں۔
ایران ایئر کو طیاروں کے پُرزوں کی خرید پر تین عشروں سے عائد امریکی پابندیوں کی وجہ سے 1970 ء میں خریدے گئے اپنے پرانے جیٹ بوئنگ طیاروں کی دیکھ بھال میں مسائل کا سامنا ہے۔
یورپی یونین نے منگل سے ایسی ہی پابندیاں سورینام ایئر لائز پر بھی عائد کیں ہیں، جب کہ انڈونیشیا کی دو ایئر لائنز کی جانب سے اپنے طیاروں کے حفاظتی نظام کو بہتر بنانے کے بعد اُن پر سے پابندی ہٹا لی گئی ہے۔