امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے 'ایف بی آئی' کے ایران میں لاپتہ ہونے والے سابق اہلکار کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کے خاندان نے ایران کے خلاف ہرجانہ ادا کرنے کا مقدمہ دائر کیا ہے۔
اس بات کا انکشاف اٹارنی ڈیوڈ میگئی نے وائس آف امریکہ کی فارسی سروس سے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔ میگئی لاپتہ ہونے والے امریکی شہری رابرٹ لیونسن کے فلوریڈا میں مقیم خاندان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "ایسے لوگ ہیں ۔۔۔۔ جنہوں نے اس عرصے میں باب (لیونسن) کے ایرانی حراست میں ہونے کی شناخت کی ہے۔"
لیونسن امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے 'ایف بی آئی' کے سابق ملازم تھے جو نو مارچ 2007ء کو ایران کے جزیرے کِش میں لاپتا ہو گئے تھے۔
لیونسن 'ایف بی آئی' کی ملازمت سے فارغ ہونے کے بعد ایک نجی سراغ رساں کے طور پر کام کر رہے تھے اور ان کے ایران کے دورے کا مقصد بھی اسی سے متعلق تھا۔
ایرانی حکومت ماضی میں کئی بار یہ کہہ چکی ہے اسے رابرٹ لیونسن بارے میں کوئی علم نہیں ہے اور وہ ان کے ایران میں زیر حراست ہونے کی قیاس آرائیوں کی بھی تردید کر چکی ہے۔
میگئی کا کہنا ہے کہ (لیونسن کے) خاندان نے یہ مقدمہ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کی ایک رپورٹ کی بنیاد پر دائر کیا ہے، جس میں نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ جب رابرٹ لاپتہ ہوا تو اس وقت ایران کی سکیورٹی فورسز نے انہیں حراست میں لیا تھا اور کہا گیا تھا وہ چند دنوں کے اندر اسے رہا کر دیں گے۔
تاہم یہ رپورٹ اب پریس ٹی وی کی ویب سائیٹ سے ہٹا دی گئی ہے۔
لیونسن کے خاندان کی طرف سے دائر کیے جانے والے مقدمہ پر ردعمل جاننے کے لیے ’وی او اے‘ کی فارسی سروس کی طرف سے نیویارک میں واقع ایران کے اقوام متحدہ کے مشن سے درخواست کی گئی لیکن مشن کی طرف سے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔
قبل ازیں رواہ ماہ لیونسن کے لاپتہ ہونے کی دسویں برسی کے موقع پر ان کے بیٹے ڈینئل لیونسن نے وی او اے کی فارسی سروس سے ایک انٹرویو میں ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ ان کی والد کو بازیاب کروانے کے لیے ایران پر "مسلسل دباؤ" رکھیں۔