ایران کی خواتین کھلاڑیوں پر یہ پابندی ہے کہ وہ اپنے سر اور بالوں کو ڈھانپے بغیر کھیلوں کے کسی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکتیں ۔لیکن پچھلے دنوں جنوبی کوریا میں ایک عجیب واقعہ ہوا جب ،ایرانی اتھلیٹ الناز ریکابی نے بغیر حجاب پہنے ایشین راک کلائمبنگ چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔ان کا کہنا تھا ایسا کرنا محض حادثاتی تھا اور وہ حجاب پہننا بھول گئی تھیں۔
خیال یہ تھا کہ ان سے ایران واپسی پر حکومت سخت پوچھ گچھ کرے گی اور انہیں گرفتار کر لیا جائے گا یا ان پر باہر جانے پر پابندی لگا دی جائیگی۔لیکن جب وہ بدھ کی صبح تہران ائر پورٹ پہنچیں تو ان کے حامیوں اور پرستاروں کی ایک بڑی تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور حکومت کی طرف سے بظاہر کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔
دو سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے نمائندے اور کیمرے بھی وہاں موجود تھے ۔ریکابی نے کیمروں کا سامنا کرتے ہوئے حجاب نہ پہننے پر سوالوں کے جواب دیےا ور کہا کہ یہ مکمل طور پر حادثاتی تھا ۔
Your browser doesn’t support HTML5
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ اپنے جوتے اور پہاڑ پر چڑھائی کے لئے گیئر پہننے میں مصروف تھیں وہ اپنا حجاب پہننا بھول گئیں اور پھر مقابلے میں حصہ لینے چلی گئیں۔"
ایک اور سوال کے جواب میں ریکابی نے کہا کہ حالانکہ مجھے بہت زیادہ پریشانی اور ذہنی دباو کا سامنا تھا۔ لیکن" ابھی تک، خدا کا شکر ہے، کچھ نہیں ہوا ہے۔ اور میں ذہنی سکون کے ساتھ ایران واپس آئی ہوں۔"
اتوار کے مقابلے کے بعد ریکابی کے دوست بھی بہت پریشان تھے کیونکہ ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا اور وہ ان کی حفاظت کے بارے میں فکر مند تھے ۔
Your browser doesn’t support HTML5
ریکابی کا حجاب کے بغیر مقابلہ کرنا اس لئے بھی پریشان کن تھا کہ ایران میں پہلے ہی مہسا امینی کی موت کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں جنہیں ایران کی اخلاقیات نافذ کرنے والی پولیس نے ملک میں لباس سے متعلق نافذ قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لیا تھا۔
اس صورتحال میں بہت خدشہ تھا کہ کہیں ریکابی کے خلاف بھی ایسی کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ لیکن فی الحال ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
"انٹرنیشنل فیڈریشن آف اسپورٹ کلائمبنگ" بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ وہ ریکابی کے ساتھ رابطے میں ہے اور حقائق جاننے کی کی کوشش کر رہی ہے۔فیڈریشن نے یہ بھی کہا کہ وہ ایران میں ریکابی سے متعلق صورتحال پر نظر رکھے گی تاکہ حکومت ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرے۔
فیڈریشن نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت ہمارے لیے سب سے اہم ہے اور ہم اس صورتحال میں اپنی کمیونٹی کے ایک قابل قدر رکن کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔
اتوار کو ہونے والے مقابلے میں ریکابی چوتھے نمبر پر رہیں، جب کہ سن دوہزار اکیس میں انہوں نے ورلڈ راک کلائمبنگ چیمپئن شپ میں خواتین کے مشترکہ مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔