عراق میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو بم دھماکوں میں کم ازکم 14 افراد ہلاک ہوگئے۔
حکام کے مطابق پیر کی رات بغداد کے جنوب میں واقع شیعہ اکثریتی آبادی والے علاقے ہلہ میں بس میں نصب بم پھٹنے سے کم ازکم نو افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بس پر فٹ بال کےکھلاڑی اور ان کے مداح سوار تھے۔
اس سے قبل بعقوبہ میں ہونے والے بم دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ بم دکان کے باہر ایک پلاسٹک بیگ میں چھپایا گیا تھا۔
گزشتہ سال دسمبر میں امریکی لڑاکا افواج کے عراق سے انخلا کے بعد یہ دوسرا ہلاکت خیز مہینہ ثابت ہورہا ہے۔ جنوری میں ملک میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں 255 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ رواں ماہ مرنے والوں کی تعداد 175 ہوگئی ہے۔