عراقی: الیکشن کمشن نے ووٹوں کی گنتی سے متعلق وزیراعظم کی درخواست مسترد کردی

عراقی الیکشن کمشن نے عراق کے وزیراعظم کی جانب سے سات مارچ کے انتخابات کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی ہے۔

الیکشن کشن نے اتوار کے روز کہا کہ وہ سنجیدہ شکایات کا جائزہ لے سکتا ہے لیکن پارلیمانی انتخابات میں ڈالے جانے والے ہر ووٹ کی جانچ پرکھ نہیں کرسکتا۔

وزیر اعظم نوری المالکی نے اتوار کی صبح یہ انتباہ کرتے ہوئے کہ اگرووٹوں کی جانچ پڑتال نہ کی گئی تو عراق تشدد کی طرف لوٹ سکتا ہے، دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا تھا۔

صدر جلال طالبانی نے یہ کہتے ہوئے وزیراعظم کی اتوار کی درخواست کی حمایت کی کہ الیکشن میں کسی شبہے یا غلط فہمی سے بچنے کے لیے دوٹوں کی دوبارہ گنتی کی جانی چاہیے۔

ہفتے کے روز الیکشن کمشن نے یہ اعلان کیا تھا کہ مسٹر مالکی کا اتحاد اپنے قریب ترین حریف سے صرف آٹھ ہزار ووٹ پیچھے ہے۔

اب جب کہ لگ بھگ 93 فی صد ووٹوں کی گنتی ہوچکی ہے، سابق وزیر اعظم ایاد علاوی کے اتحاد کو سبقت حاصل ہے۔

اس سے قبل جب ووٹوں کی گنتی میں مسٹر مالکی آگے تھے، انہوں نے الیکشن کمشن کا دفاع کیا تھا۔

سات مارچ کے انتخابات کے بعد سے ووٹوں گنتی کے دوران کبھی مسٹر مالکی اور کبھی مسٹر علاوی کو سبقت حاصل رہی ہے۔

ایک کرداتحاد کو تین دوسرے صوبوں میں برتری حاصل ہے۔