عراق میں بم دھماکا: چار افراد جاں بحق

عراقی حکام نے کہا ہے کہ شیعوں کے مقدس شہر نجف میں ایک کار بم دھماکے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے۔ عراق میں اتوار کے روز عام انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔

ہفتے کے روز امام علی کے روضے کے قریب ہونے والے اس حملے میں 50 افراد زخمی بھی ہوئے۔ یہاں عراقی اور ایرانی زائرین کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو ایرانی اور ایک عراقی شامل ہیں۔

جمعرات کے روز بغداد میں کئی بم دھماکوں میں کم از کم 15 افراد مارے گئے تھے۔ یہ حملے انتخابات سے قبل سیکیورٹی میں اضافہ کیا جانے کے باوجود ہوئے ہیں۔

القاعدہ نے انٹرنیٹ پر شائع کیے جانے والے ایک پیغام میں سنیوں کو خبردار کیا تھا کہ اگر انھوں نے انتخابات میں ووٹ ڈالے تو انھیں تشدد کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے کا مطلب اقتدار شیعوں کے حوالے کرنا ہے۔

تاہم عراقی مذہبی رہنماؤں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابات میں ضرور ووٹ ڈالیں۔ بعض رہنماؤں نے کہا ہے کہ حقِ رائے دہی کا استعمال فرض ہے۔