عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایک اسپتال میں آتشزدگی سے کم از کم 11 نو مولود بچے دم توڑ گئے ہیں۔
وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ بدھ کو علی الصبح یرموک اسپتال کے زچہ و بچہ وارڈ میں قبل از وقت پیدا ہونے والے یہ بچے آتشزدگی کے باعث دم گھٹ جانے کی وجہ سے موت کا شکار ہوئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بجلی کے نظام میں خرابی اس آتشزدگی کی وجہ بنی۔
وزارت صحت کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ منگل کو دیر گئے اس اسپتال میں 29 خواتین نے بچوں کو جنم دیا تھا جنہیں بدھ کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے اطلاع ملتے ہی یہاں داخل خواتین کے عزیز رشتے داروں کی ایک بڑی تعداد اسپتال کے باہر جمع ہو گئی۔ حکام نے امدادی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے یہاں عام لوگوں کو داخلہ بند کر دیا۔
اس واقعے سے متاثر ہونے والے ایک شخص نے بتایا کہ اس کے ہاں جڑواں بچے پیدا ہوئے تھے جن کا آتشزدگی کے بعد کچھ سراغ نہیں مل رہا تھا۔ اس کے بقول اسپتال نے اسے دیگر شفاخانوں سے رابطہ کرنے کا کہا جہاں مریضوں کو منتقل کیا گیا لیکن اسے اپنے بچے وہاں بھی نہیں ملے۔
انتہائی دکھ کے عالم میں اس شخص نے بتایا کہ اسے صرف بچوں کی سوختہ لاشیں ملی ہیں۔