داعش نے موصل شہر میں بارودی سرنگیں بچھا دیں

داعش نے عام شہریوں کو موصل سے باہر جانے سے روکنے کے لیے اطلاعات کے مطابق بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں۔

رواں ماہ لڑائی میں شدت آنے کے بعد موصل سے جان بچا کر بھاگنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔

جنگجوؤں کی طرف سے ایسے وقت بم نصب کیے جا رہے ہیں جب موصل میں داعش کے خلاف عراقی فورسز کی کارروائی حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔

شہر کے اس حصے میں گلیاں تنگ ہیں جس کی وجہ سے بکتر بند گاڑیوں کی نقل و حرکت ممکن نہیں اس وجہ سے عراقی فوجی پیدل ہے پیش قدمی کر رہے ہیں۔

عراقی فورسز شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف گزشتہ سات ماہ سے موصل میں کارروائی جاری رکھی ہوئی ہیں۔

عراقی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ اکتوبر کو موصل کو واگزار کروانے کی مہم شروع ہونے کے بعد تقریباً سات لاکھ افراد شہر سے نکل چکے ہیں۔

عسکریت پسند اب بھی پرانے شہر کو کنٹرول کرتے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس گنجان آباد علاقے میں ان کی طرف سے آخری بار مزاحمت کی جائے گی۔

مغربی موصل میں عراقی فوج اور شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجوؤں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔