عراق: بم دھماکوں میں سات شیعہ زائرین ہلاک

عراق کے دارالحکومت بغداد میں جمعرات کے روز شیعہ زائرین پر ہوئے تازہ بم حملوں میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی بغداد کے علاقے کاظمیہ میں سڑک کنارے نصب کردہ بم پھٹنے سے مقامی مسجد سے لوٹنے والے چھ افراد ہلاک ہو گئے جب کہ جنوبی بغداد میں ایک کار بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔

امام، موسیٰ القدیم، کے عرس کی تقریبات میں شریک لاکھوں زائرین کی حفاظت کے پیش نظر عراقی دارالحکومت میں ہزاروں کی تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور کاظمیہ کے علاقے میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہے۔ یہ تقریبات جمعرات کواختتام پزیر ہو رہی ہیں۔

ایک روز قبل بغداد اور اس کے نواح میں پیش آئے پرتشدد واقعات میں 50 سے زائد شیعہ زائرین ہلاک ہو گئے تھے۔ گو کہ ان حملوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کے پیچھے سنی انتہا پسندوں کا ہاتھ ہے۔