شام اور عراق میں سرگرم انتہا پسند تنظیم داعش کی طرف سے مبینہ طور پر جاری کی گئی ایک وڈیو میں دکھایا گیا کہ بظاہر ایک روسی زبان بولنے والے ایک شخص کو جو یہ کہتا ہے کہ اس نے روس کے لیے جاسوسی کی اور بعدازں ایک دوسرا روسی بولنے والا شخص اس کا سرقلم کر دیتا ہے۔
وڈیو جس کا عنوان " اے روسیوں تمہیں مایوسی ہو گی اور تم رسوا ہو گے" ہے، میں ایک ستم رسیدہ شخص اپنی شناخت میگومید خاسیف کے نام سے کرتے ہوئے کہتا ہے ہے اس کا تعلق چچنیا کے دارالحکومت گروزنی سے ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ اسے روس کی وفاقی سیکورٹی سروس نے داعش کی جاسوسی کرنے کے لیے بھرتی کیا تھا جس کے بعد وہ ترکی کے راستے داعش کے زیر قبضے علاقے میں داخل ہوا۔
ستم رسیدہ شخص کا سرقلم کرنے سے پہلے اس کا قاتل روس اور صدر ولادیمر پوتن کی مذمت کرتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ،" پوتن ۔۔۔مجھے سنو۔۔تمہارے آنے سے پہلے اسد کی حکومت نے ہم پر بمباری کی، جس کے بعد امریکیوں نے اپنے بزدل اتحادیوں کے ساتھ مل کر ہم پر بمباری کی، جس کے بعدتم ہم پر بمباری کر رہے ہو۔ تمہاری بمباری سے سوائے معصوم مسلمانوں کے قتل کے کچھ حاصل نہیں ہو سکا ہے۔۔۔۔ آپ کو ایک نئی شکست کا سامنے کرنا پڑے گا۔ تمہیں اپنے گھروں میں بھی سکیورٹی نہیں ملے گی۔"
داعش کے شدت پسندوں نے گزشتہ سال عراق اور شام کے متعدد علاقوں پر قبضہ کرنے کے بعد وہاں نام نہادخلافت کا اعلان کیا تھا اور اس کے شدت پسندوں کی طرف سے علاقے میں مذہبی اور مسلکی اقلیتوں کے خلاف قتل و غارت گری دیکھنے میں آ چکی ہے۔
یہ گروپ اس سے پہلے امریکی، یورپی، چینی اور جاپانی مغویوں کے علاوہ اردن کے ایک پائلٹ کو بھی قتل کر چکا ہے۔
امریکہ کی زیر قیادت اتحادی ممالک نے اس گروپ کے خلاف کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں جبکہ کہ روس نے بھی رواں سال شام میں جاری اپنی فضائی کاروائیوں میں انہیں نشانے بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔