غزہ کے فلسطینی عہدےداروں کا کہنا ہے کہ ایک اسرائیلی فضائی حملےمیں عسکریت پسند اسلامی جہاد گروپ سےتعلق رکھنے والے تین مسلح افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
فلسطینی طبی امداد دینے والےعملے نے پیر کی رات گئے بتایا کہ اسرائیلی سرحد کے قریب ایک پناہ گزیں کیمپ کے باہر ہونے والے دھماکے کے مقام سے اُنھیں تین لاشیں ملیں ہیں۔
ایک اسرائیلی فوجی خاتون ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ اِس کا ہدف عسکریت پسندوں کا ایک گروہ تھا جو اسرائیل پر راکٹ داغنے کی تیاری کر رہا تھا۔ غزہ میں کئی عسکریت پسندوں کے خلاف اِسی طرح کے متعدد اسرائیلی حملے ہو چکے ہیں، جہاں اسلام پسند حماس تحریک کا کنٹرول ہے۔
حالیہ تشدد کے واقعات سے اِس ماہ امریکی قیادت میں شروع ہونے والے مشرقِ وسطیٰ امن مذاکرات کی اہمیت کی نشاندہی ہوتی ہے۔ سفارت کار،مقبوضہ مغربی کنارے پر یہودی بستیوں کی تعمیر کے تنازعے پر مذاکرات کو ٹوٹنے سےبچانے کے لیے کوشاں ہیں۔