اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ ایران پر بین الاقوامی تعزیرات سے ہونے والی پیش رفت کو موقع دیں گے اور اس کی جوہری تنصیبات پر ’آئندہ دنوں یا ہفتوں‘ میں حملے کا ان کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
اسرائیلی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے مسٹر نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ وہ معاملے کے پرامن حل کو ترجیح دیں گے لیکن انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل ایران کو جوہری ہتھیارحاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
یہ بیان انھوں نے واشنگٹن سے واپسی پر دیا ہے جہاں ایک روز قبل انھوں نے کہا تھا کہ اسرائیل سفارت کاری یا پابندیوں کے ذریعے ایران کو جوہری پروگرام سے باز رکھنے کے لیے مزید خطرہ مول نہیں لے سکتا۔
مسٹر نیتن یاہو نے اس موقع پر ایران کے بارے میں امریکہ اور اسرائیل کے درمیان ’’بنیادی اختلافات‘‘ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ تہران کے جوہری پروگرام سے اسرائیل واشنگٹن سے زیادہ خطرہ محسوس کرتا ہے۔