اسرائیل: 26 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی منظوری

.

فلسطینی قیدیوں کی رہائی اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تعلقات بہتر بنانےاور امن مذاکرات کی بحالی کے سلسلے میں ہونے والے معاہدے کی ایک کڑی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے طویل مدت تک قید میں وقت گزارنے والے فلسطینی قیدیوں کے دوسرے گروپ کی رہائی کی منظوری دے دی گئی ہے۔

فلسطینی قیدیوں کی رہائی اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تعلقات بہتر بنانےاور امن مذاکرات کی بحالی کے سلسلے میں ہونے والے معاہدے کی ایک کڑی ہے۔

اتوار کے روز اسرائیل کی وزارتی کمیٹی کی جانب سے 26 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لیے ووٹنگ کی گئی۔ یہ فلسطینی قیدی، اسرائیلیوں کو مارنے کے جرم میں 19 سے 28 برس تک قید کاٹ چکے ہیں۔

یہ تمام قیدی تشدد پھیلانے کے جرم میں اور اسرائیل کی جانب سے 1993ء میں فلسطینی حکومت کے ساتھ عارضی امن معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل جیل میں ڈالے گئے تھے۔

ان 26 قیدیوں کے ناموں کی فہرست اتوار کی شام تک اسرائیل کے جیل منتظمین کی جانب سے ان کی ویب سائیٹ پر جاری کی جانی تھی۔ جس کے بعد اگلے 48 گھنٹوں میں ان اسرائیلیوں کے لواحقین رہا کیے جانے والوں کے ناموں پر اعتراض دائر کر سکتے ہیں جن کی رہائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

واضح رہے اس سے قبل رواں برس جولائی میں امریکی حکومت کی کوششوں سے اسرائیلی وزیر ِ اعظم نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی عمل میں لائی گئی تھی۔