اسرائیل نے مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے پہلے جمعہ کے موقع پر یروشلم کی سکیورٹی سخت کرتے ہوئے مسجدِ اقصیٰ میں داخلہ محدود کر دیا ہے۔
جمعہ کو ہزاروں فلسطینی باشندے مسلمانوں کے لیے تیسرا مقدس ترین مقام قرار دی جانے والی مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے جمع ہوئے۔ اس موقع پر وہاں اسرائیلی پولیس اور سرحدی محافظوں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
اسرائیلی فورسز نے ایک خاص عمر سے کم مرد و خواتین کو مسجد کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔
اسرائیل کا موقف ہے کہ اس کی جانب سے فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کا مقصد تشدد سے بچنا ہے۔
رمضان مسلمانوں کے قمری تقویم کا نواں مہینہ ہے جس کے دوران مسلمان روزہ رکھتے ہیں۔ اس مہینے کے اختتام پر عید الفطر کا تہوار منایا جاتا ہے۔