اسرائیلی وزیرِ اعظم کے ساتھ امریکی ایلچی کے” بارآور“ مذاکرات

بالواسطہ مذاکرات کار گر نہیں ہوں گے؛ نائب وزیرِ اعظم

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی ایلچی جارج مِچل نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نتن یاہو کے ساتھ ایک ” اچھی اور بارآور“ ملاقات مکمل کرلی ہے۔
فلپ کراؤلی نے کہا ہے کہ مِچل اور مسٹر نتن یاہو نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان بالواسطہ امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں مختلف مسائل پر بات چیت کے لیے متعدد ملاقاتوں میں سے بدھ کےروز پہلی ملاقات کی ہے۔
کراؤلی نے کہا ہے کہ دونوں جمعرات کے روز دوبارہ ملیں گے اور اس کے بعد مِچل جمعے اور ہفتے کے روز فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔
اسی دوران اسرائیل کے ایک نائب وزیرِ اعظم نے قیامِ امن کے لیے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔
یروشلم پوسٹ نے نائب وزیرِ اعظم ڈَین میریڈور کے حوالے سے کہا ہے کہ بالواسطہ مذاکرات کار گر نہیں ہوں گے، اس لیے کہ فلسطینی اپنی اُن کوششوں کے ذریعے، جن کا مقصد مذاکرات میں امریکی نمائیندوں کو فلسطینی موقف تسلیم کرلینے پر آمادہ کرنا ہے، ”مشکل فیصلے“ کرنے سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ فریقین کو جلد ہی براہ راست مذاکرات شروع کردینے چاہیں، جن میں اسرائیلی اور فلسطینی، دونوں ہی مشکل فیصلے کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔