اسرائیلی فوج کی کارروائی، جنین میں 10 افراد ہلاک
اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح جنین کے مہاجرین کیمپ میں کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ کارروائی میں ڈرون استعمال کیے گئے جب کہ اس میں اسپیشل سیکیورٹی فورسز نے حصہ لیا۔
مغربی کنارے کے شہر جنین میں قائم مہاجرین کیمپ میں ہزاروں افراد آباد ہیں۔ اسرائیل فوج کا دعویٰ ہے کہ کیمپ میں موجود عسکریت پسند اسرائیلی علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہیں۔
ریڈ کراس کے مطابق اب تک جنین کیمپ سے تین ہزار افراد کو دیگر مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) نے جنین میں ہونے والی کارروائی کی مذمت کی ہے۔
آپریشن میں اسرائیلی فورسز کی بکتر بند گاڑیوں اور بلڈورز نے بھی حصہ لیا۔
فلسطینی وزارتِ صحت نے اب تک 10 ہلاکتوں جب کہ 100 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
منگل کو تل ابیب میں ایک فلسطینی شہری نے پیدل چلنے والے افراد پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں سات اسرائیلی زخمی ہو گئے۔ فلسطینی گروپ حماس نے اس کارروائی کو جنین میں جاری اسرائیلی آپریشن کا بدلہ قرار دیا ہے۔
جنین میں اسرائیل ایسے وقت میں فوجی کارروائی کر رہا ہے جب اسرائیلی حکومت پر یہ دباؤ بڑھ رہا ہے کہ خطے میں اسرائیلی شہریوں پر ہونے والے حملوں کا مؤثر جواب دیا جائے۔