ٹینس میں خواتین کی عالمی نمبر ایک امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز یو ایس اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں اپ سیٹ شکست سے دوچار ہوئیں اور یوں ان کی رواں سال چوتھا گرینڈ سلام جیتنے کی امید دم توڑ گئی ہے۔
نیویارک میں کھیلے جانے والے میچ میں انھیں اٹلی کی روبرٹا ونچی کے ہاتھوں شکست کا سامان کرنا پڑا، وہ ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں 43 ویں نمبر پر ہیں۔
روبرٹا نے دو چھ، چھ چار اور چھ چار سے شکست دی۔
سرینا ولیمز رواں سال اب تک ہونے والے تینوں گرینڈ سلام (آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن اور ومبلڈن) جیت چکی ہیں اور انھیں توقع تھی کہ وہ چوتھا بڑا مقابلہ بھی جیت جائیں گی۔
اگر وہ یو ایس اوپن بھی جیت جاتیں تو وہ جرمنی کی اسٹیفی گراف کے بعد دوسری خاتون کھلاڑی ہوتیں جس نے ایک سال میں ٹینس کے چاروں بڑے اعزاز حاصل کیے ہوں۔
روبرٹا نے میچ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ان کی پوری کوشش تھی کہ وہ سرینا کے بارے میں سوچنے کی بجائے کھیل پر پوری توجہ مرکوز رکھیں۔
اب فائنل میں روبرٹا کا مقابلہ اپنی ہم وطن فلاویا پنیاٹ سے ہو گا جنہوں نے سیمی فائنل میں رومانیہ کی سیمونا الیپ کو شکست دی تھی۔