اٹلی کے وزیرِاعظم سلویو برلسکونی کی حکومت کی جانب سے پیش کردہ 74 ارب ڈالرز کے متنازع بچت منصوبے پر پارلیمان کے ایوانِ زیریں میں بدھ کی شام رائے شماری کی جارہی ہے۔
مجوزہ منصوبے کا مقصد 2013ء تک ملکی بجٹ کو متوازن بنانا ہے۔ اس میں اخراجات میں کٹوتیوں، محصولات میں اضافہ اور ریٹائرمنٹ کے پروگرام میں تبدیلی جیسے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
وزیرِاعظم برلسکونی کی جماعت کو ایوانِ زیریں میں اکثریت حاصل ہے جس کی بنیاد پر امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایوان کی جانب سے اس منصوبہ کی منظوری دے دی جائے گی۔
دریں اثناء یونان کی معیشت کے بارے میں پائے جانے والے خدشات کے باعث بین الاقوامی حصص بازاروں میں غیر یقینی کی صورتِ حال برقرار ہے۔
یورپی یونین کے معاشی سربراہ نے کہا ہے کہ یونان کے نادہندہ ہونے یا یورو زون سے اخراج کے "ڈرامائی نتائج" برآمد ہوسکتے ہیں۔
معاشی ماہرین خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ بیرونی قرضوں کی عدم ادائیگی کے باعث یونان کے نادہندہ قرار پانے کی صورت میں اس کے اثرات دیگر معیشتوں پر بھی پڑ یں گے۔
اس سے قبل بدھ کو ریٹنگ ایجنسی 'موڈیز' نے یونانی معیشت سے تعلق کے باعث دو فرانسیسی بینکوں کی ریٹنگ میں کمی کردی جبکہ ایک تیسرے ادارے کی کارکردگی پر نظر رکھنے کا اعلان کیا ہے۔