جنوبی افغانستان کے شہر قندھار میں مقامی عہدیداروں کو ہلاک کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ہے اس میں تازہ ترین حملہ مسلح افراد نے کیا اور جیل کے ایک افسر کو ہلاک کر دیا۔
حکام نے کہا ہے کہ بدھ کی صبح موٹر سائیکلوں پر سوار افراد نے نبی گل کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا، جب وہ کام پر جا رہے تھے۔
طالبان نے حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
قندھار ہی میں ایک پولیس گاڑی کے نزدیک ایک بم پھٹا جس سے کم از کم تین افراد زخمی ہو گئے۔ طالبان نے اس دھماکے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
امریکی فوجی افسروں نے خبردار کیا کہ قندھار اور گرد و نواح میں تشدد میں اضافہ ہوگا۔ یہ اس کارروائی کے توڑ کے لئے کیا جا رہا ہے جو طالبان کو ان کے اس گڑھ سے نکالنے کے لیے امریکہ کرنے والا ہے۔
رومانیہ کے دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز جنوبی افغانستان میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ان کا ایک فوجی ہلاک ہو گیا۔
اور نیٹو نے کہا ہے کہ ایک حملے میں ان کا ایک اور فوجی ہلاک ہو گیا ہے، مگر اس کی قومیت نہیں بتائی گئی۔