بچوں کے لیے خوراک تیار کرنے والی ایک جاپانی کمپنی نے کہاہے کہ انہیں بچوں کے فارمولہ دودھ میں ایک تابکار عنصر سی سیئم کے اثرات کی نشان دہی ہوئی ہے۔ تقریباً نو ماہ قبل ٹوکیو کے شمال مشرق میں زلزلے اور سونامی کے بعد جوہری بجلی گھروں سے تابکاری کے اخراج کے بعد اس خبر کو جاپانی تشویش کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔
منگل کے روز میجی کمپنی نے کہا کہ انہوں نے اس نشان دہی کے بعد شیر خوار بچوں کے لیے مارکیٹ میں فراہم کیے جانے والے خشک دودھ کے چار لاکھ ڈبے واپس منگوا لیے ہیں۔
کمپنی کا کہناہے کہ یہ تابکار مادہ بظاہر دکھائی نہیں دیتا۔ اس کا کوئی ذائقہ اور خوشبو بھی نہیں اور اس کی مقدار حکومت کی جانب سے مقرر کردہ حفاظتی اہداف کی سطح سے بھی کہیں کم تر ہے، لیکن انہوں نے رضاکارانہ طورپر بچوں کے دوددھ کے تمام ڈبے واپس منگوا لیے ہیں۔
میجی کا کہناہے کہ انہیں ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ تابکار مادہ خشک دودھ میں کیسے شامل ہوا۔ لیکن کمپنی کا کہناہے کہ انہیں شبہ ہے کہ وہ فوکوشیما کے جوہری بجلی گھر سے خارج ہوا تھا، جسے 11 مارچ کے تباہ کن زلزلے اور سونامی سے شدید نقصان پہنچاتھا۔
کمپنی کی جانب سے دودھ کے ڈبے واپس لیے جانے کی خبر پھیلنے سے منگل کے روز اسٹاک مارکیٹ میں میجی کمپنی کے حصص کی قیمتیں گر گئیں۔