جاپان کی اولمپکس کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ 2020ء کے اولمپکس کھیلوں کی میزبانی کےلیے دارالحکومت ٹوکیو بھی امیدوار ہوگا۔
ہفتہ کے روز جاپان اولمپکس کمیٹی کے قیام کے سو سال مکمل ہونے پر منعقد کی گئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے صدر سونی کازو تکیدا نے تصدیق کی کہ جاپانی دارالحکومت 2020ء کے اولمپکس کی میزبانی کا امیدوار ہے۔
تکیدا کا کہنا تھا کہ ان کا ملک رواں برس مارچ میں آنے والے سونامی اور زلزلے سے ہونے والی تباہی کے بعد تعمیرِ نو کے دور سے گزر رہا ہے اور تعمیرِ نو کی علامت کے طور پر 2020ء میں کھیلوں کے سب بڑے عالمی مقابلوں کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ ٹوکیو اس سے قبل 2016ء کے اولمپکس مقابلوں کی میزبانی کا بھی امیدوار تھا تاہم اس اعزاز کےلیے برازیل کے شہر ریوڈی جنرو کا نتخاب کیا گیا تھا جہاں اس ایونٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
ٹوکیو اس سے قبل 1964ء کے اولمپکس کی میزبانی کرچکا ہے جبکہ 1972ء اور 1998ء کے سرمائی اولمپکس بھی جاپان کے شہروں سپورو اور نگانو میں منعقد ہوئے تھے۔
انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی 2020ء کے کھیلوں کے میزبان شہر کا انتخاب 2013ء میں کرے گی۔
اٹلی کا شہر روم اور اسپین کا دارالحکومت میڈرڈ بھی 2020ء کے اولمپکس کی میزبانی کے امیدوار ہیں جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ترکی کا شہر استنبول بھی جلد میزبانی کی دوڑ میں شرکت کا اعلان کردے گا۔