جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیکو نوڈا نے پیر کو یوکیو اِڈانو کو معیشت، تجارت اور صنعت کا وزیر نامزد کیا ہے۔ اُن کی نئی ذمہ داریوں میں جوہری تحفظ سے متعلق ہدایات پر عمل درآمد کی نگرانی بھی شامل ہے۔
اِڈانو گزشتہ ماہ کے اواخر تک حکومت کے مرکزی ترجمان کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے تھے اور نقصان رسیدہ فوکوشیما جوہری بجلی گھر سے متعلق معلومات سے عوام کو آگاہ رکھنا بھی اُن ہی کی ذمہ داری تھی۔
اُن کی نئے عہدے پر نامزدگی یوشیو ہاچیرو کے ہفتہ کو دیے گئے استعفیٰ کے بعد کی گئی ہے۔ ہاچیرو نے فوکوشیما کو ’موت کا شہر‘ قرار دیتے ہوئے جو تبصرہ کیا تھا اس میں متاثرین کی مشکلات سے بظاہر بے حسی کی جھلک ملتی تھی۔
اُنھوں نے صحافیوں سے مذاق میں کہا کہ فوکوشیما کے دورے سے واپسی پر وہ اپنے کپڑوں کے ذریعے اُنھیں تباکاری سے متاثر کر دیں گے۔
ہاچیرو کو آٹھ روز قبل ہی مسٹر نوڈا کی کابینہ میں شامل کیا گیا تھا، اور اُن کا مستعفی ہونا نئی حکومت کے لیے ایک دھچکا ہے۔