جاپان نے کہاہے کہ وہ امریکہ میں تیار کردہ لاک ہیڈ مارٹن کمپنی سے ایف 35 لڑاکا طیارے خریدے گا ۔ ان طیاروں میں ریڈار کی نظروں سے پوشیدہ رہنے کی صلاحیت موجودہے۔
جاپان اپنی فوج کے پرانے طیاروں کو جدید طیاروں سے تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
منگل کے روز جاپانی عہدے داروں نے اعلان کیا کہ جاپان کئی برسوں پر محیط ایک معاہدے کے تحت 42 ایف -35 لڑاکا طیارے خریدے گا۔
طیاروں کی حوالگی کی تاریخیں، ان کی قیمت اور ہر سال فراہم کیے جانے والے طیاروں کی تعداد سے متعلق تفصیلات ابھی طے ہونا باقی ہیں۔
عہدے داروں کا کہناہے کہ جاپان نے اپنے اگلے مالی سال میں ، جو اپریل سے شروع ہوگا، چار طیاروں کی خرید کے لیے فنڈز فراہم کردیے ہیں۔
لاک ہیڈ ایک طیارے کی اوسطاً ساڑھے چھ کروڑ ڈالر قیمت لگانا چاہتا ہے۔
جاپان کئی برسوں سے ایف -35 لڑاکا طیارے ، بوئنگ ایف -18 اور یورو فائیٹر طیارے ٹائیفون ،جسے یورپی کمپنیوں کا ایک کنسورشیم تیار کرتا ہے، حاصل کرنے کی کوششیں کررہاتھا۔