ٹوکیو: جاپان میں امریکی فوجوں کی موجودگی پر احتجاج

ٹوکیو: جاپان میں امریکی فوجوں کی موجودگی پر احتجاج

جاپان میں امریکہ کے لگ بھگ 47 ہزار فوجی تعینات ہیں اور ان میں آدھےسے زیادہ اوکی ناوا میں مقیم ہیں

ٹوکیو میں ہفتے کے روز تقریباً چھ ہزار لوگوں نے جمع ہوکر جاپان کے جزیرے اوکی ناوا میں امریکی فوجوں کی موجودگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

سماجی لیڈروں اور سیاست دانوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اُن سے کہا کہ وہ امریکہ کے فوجی اڈوں کو ہٹانے کا مطالبہ کریں۔

جاپان میں امریکہ کے لگ بھگ 47 ہزار فوجی تعینات ہیں اور ان میں آدھے سے زیادہ اوکی ناوا میں مقیم ہیں۔

اوکی ناوا کے لوگ ایک طویل عرصے اُس شور کی شکایت کررہے ہیں جس کا سبب فُو ٹَین ما کا فضائى اڈا ہے۔ اور واشنگٹن اب اس اڈے کو کسی کم آباد علاقے میں منتقل کرنے پر رضا مند ہوگیا ہے۔

لیکن جاپان کی نئى انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اس منصوبے پر نظرِ ثانی کررہی ہے اور اس بارے میں مئى میں کسی فیصلے کا اعلان کرے گی۔


کابینہ کے وزیر مِیزُوہو فُوکُو شِیما نے ہفتے کے روز مظاہرین پر زور دیا کہ وہ آنے والے مہینوں میں حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ اس فوجی اڈے کو جزیرے سے پوری طرح ہٹا دے۔