جاپان میں ہفتہ کو پھٹنے والے آتش فشاں ماؤنٹ اونتاکے کی چوٹی کے قریب سے سے تیس مہم جو ملے ہیں جن کے بارے میں خدشہ کہ وہ ہلاک ہو گئے ہیں۔
اتوار کو جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق تیس سے زائد مہم جو ایسی حالت ملے کہ ان کی" حرکت قلب بند تھی " اور جاپانی حکام کے لیے یہ معمول ہے کہ و ہ کسی بھی فرد کے بارے میں سب سے پہلے یہی اطلاع دیتے ہیں جب تک کہ ڈاکٹر اس کا طبی معائنہ نہ کرلیں۔
اتوار کو آتش فشاں کے پھٹنے سے زخمی اور بچنے والوں کے تلاش کے لیے سینکڑوں جاپانی پولیس اہلکار اور فوجی دستے ماؤنٹ اونتاکے کی ڈھلوان پر پہنچے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک آدمی کو راکھ کی گہری طے کے نیچے سے زخمی حالت میں نکالا گیا۔
ہفتہ کی دوپہر کو آتش فشاں کے اچانک پھٹنے سے سینکڑوں لوگ پہاڑ کی چوٹی پر پھنس گئے۔ ان پھنسے ہوئے لوگوں میں سے اکثر ہفتہ کی شام کو پہاڑ سے نیچے اترے۔
ماؤنٹ اونتاکے موسم خزاں میں کوہ پیماؤں کے لیے مہم جوئی کے لیے مقبول ہے۔ ٹوکیوکے مغرب میں نگانو اور گفیو کی سرحد پر واقع اس آتش فشاں کے پھٹنے کا سب سے بڑا واقع 1979 ہوا۔
جاپان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق تقریباً 230 مہم جو پہاڑ سے نیچے اترنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ 41 ابھی تک پھنسے ہوئے ہیں جو متوقع طور پر اگلے دن نیچے اترنے کی کوشش کریں گے۔
جاپانی وزیراعظم شنزو ابی نے ہفتہ کو امریکہ سے وطن واپس پہنچنے پر کہا کہ انہوں نے فوج کو امدادی کاروائیوں میں مدد کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔