جاپان کے ایک عمر رسیدہ شخص کو دنیا کے معمر ترین مرد کا اعزاز دیا گیا ہے۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اشٹچسو واتانابے کی عمر 112 برس اور 344 دن ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق اشٹچسو واتانابے جاپان کے ایک شمالی علاقے نیگاتا میں 1907 میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے بدھ کو سب سے زیادہ عمر رکھنے والے مرد کا سرٹیفکیٹ ایک نرسنگ ہوم میں گنیز بک سے وصول کیا۔
اس سے قبل طویل العمر مرد کا ریکارڈ مسازو نوناکا کے نام تھا جو جاپان ہی کے شہری تھے۔ نوناکا گزشتہ ماہ انتقال کر گئے تھے۔
سب سے زیادہ عمر رکھنے والے فرد کا اعزاز بھی جاپان کی ہی ایک خاتون کین تاناکا کے نام ہے جن کی عمر 117 برس ہے۔
اب سے ایک دہائی قبل تک واتانابے 'بونسائی' کا کام کرتے تھے۔ بونسائی جاپان کا ایک روایتی فن ہے جس میں چھوٹے سجاوٹی درختوں کو اگایا جاتا ہے۔
گنیز ریکارڈ کا کہنا ہے کہ ان دنوں واتانابے میٹھے پکوان کھانا پسند کرتے ہیں۔ کسٹرڈ وغیرہ ان کی پسندیدہ خوراک میں شامل ہے۔
واتانابے نے جاپان کے ایک زرعی اسکول سے گریجویشن کی تھی اور پھر وہ کام کے سلسلے میں تائیوان چلے گئے تھے۔ تائیوان میں 18 برس قیام کے بعد انہوں نے متسو نامی خاتون سے شادی کی۔ ان کے پانچ بچے بھی ہیں۔
جنگ عظیم دوم کے خاتمے کے بعد واتانابے دوبارہ اپنے آبائی شہر نیگاتا آ گئے تھے اور یہیں کام کرتے رہے۔ وہ زراعت سے متعلق پیشوں سے ہی وابستہ رہے۔
واتانابے سے جب ان کی لمبی عمر کا راز پوچھا گیا تو انہوں نے مشورہ دیا کہ غصہ نہ کریں اور بس مسکراتے رہیں۔