جسٹس جواد ایس خواجہ نے پاکستان کی عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
پیر کو ایوان صدر میں منعقد ہونے والی تقریب میں صدر ممنون حسین نے ان سے حلف لیا۔
اس تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف اور تین مسلح افواج کے سربراہان سمیت اعلیٰ سرکاری شخصیات اور کئی غیر ملکی سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔
جسٹس جواد ایس خواجہ کو عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس ناصر الملک کی جگہ چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا، جو 16 اگست کو اپنی عہدے کی معیاد پوری ہونے کے بعد سبکدوش ہو گئے تھے۔
جسٹس جواد ایس خواجہ 10 ستمبر 1950ء کو پیدا ہوئے اور ان کا تعلق پنجاب کے شہر وزیر آباد سے ہے۔ انہوں نے 1975ء میں لاہور ہائی کورٹ کے وکیل کی حیثیت سے اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کیا۔
21 اپریل 1999ء کو انہیں لاہور ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے 19 مارچ 2007ء کو اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
جس کے بعد انہوں نے لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز میں قانون اور پالیسی کے شعبے کے سربراہ کے طور پر کام کیا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کو 5 جون 2009ء کو پاکستان سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔
جسٹس خواجہ صرف 24 دن تک عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے۔