افغان انٹیلی جینس ادارے نے کہا ہے کہ اس نے کابل میں ایک چھاپے کے دوران داعش سے مبینہ تعلق رکھنے والے 13 عسکریت پسند پکڑے ہیں۔
بدھ کے روز جاری ہونے والے سیکیورٹی کے نیشنل ڈائریکٹریٹ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حراست میں لیے جانے والے افراد میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔
بیان کے مطابق حالیہ دنوں میں کابل میں ہونے والے خودکش بم دھماکوں کے پیچھے گرفتار کیے گئے افراد کا ہاتھ تھا۔
پچھلے ہفتے داعش کے ایک خودکش بمبار نے کابل میں شیعوں کے ایک ثقافتی مرکز پر حملہ کیا تھا جس میں 40 سے زیادہ افراد ہلاک اور 90 کے لگ بھگ زخمی ہو گئے تھے۔
کابل میں یہ گرفتاریاں امریکی فوج کے ایک بیان کے ایک روز بعد عمل میں آئیں جس میں کہا گیا تھا کہ صوبہ ننگرہار کے شورش زدہ ضلع اچن میں ایک مسلح جھڑپ کے دوران ایک امریکی فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے تھے۔
بیان میں مسلح افراد کے بارے میں کوئی تفصيل نہیں دی گئی۔