کابل کی مسجد میں دھماکہ: امام سمیت دو نمازی ہلاک

مولوی ایاز نیازی (فائل)

مولوی ایاز نیازی (فائل)

افغانستان کے دارالحکومت کابل کی ایک مسجد میں دھماکے سے امام سمیت دو نمازی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر اکبر خان مسجد میں شام سات بج کر پچیس منٹ پر دھماکہ خیز مواد پھٹا تھا۔ موقع پر ایک نمازی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے جن میں مولوی ایاز نیازی شامل تھے۔

زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مولوی ایاز نیازی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

مولوی ایاز نیازی نے مصر کی جامعہ الاظہر سے تعلیم حاصل کی تھی اور وہ صاف گوئی کی شہرت رکھتے تھے۔

صدر اشرف غنی کے ترجمان نے ایک ٹوئیٹ میں اس حملے کی مذمت کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ''اس حملے سے بخوبی پتا چلتا ہے کہ پرتشدد کارروائی کرنے والے کتنے سنگدل اور انسانیت دشمن ہیں جو ہمارے علما اور بے گناہ لوگوں کو ہدف بناتے ہیں۔ ہم ہلاک شدگان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔"