کراچی: ٹارگٹ کلنگ جاری، 12 افراد ہلاک

فائل

نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے اے ایس آئی شفیع ہلاک ہو گیا،جبکہ سولجربازاراور برنس روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے
تمام کوششوں کےباوجو د، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور لاشیں ملنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ منگل کو بھی مختلف علاقوں سے فائرنگ کی اطلاعات موصو ل ہوئیں جِن میں سرکاری ملازمین سمیت 12 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

جیل روڈ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے محکمہ ٴتعلیم کے افسر شمیم خان کو ہلاک کردیا۔واقعے کے وقت شمیم خان دفتر سے گھر واپس جارہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی جِس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے اے ایس آئی شفیع ہلاک ہو گیا،جبکہ سولجربازاراور برنس روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔علی الصبح ماڑی پور سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں۔ادھر لیاری کے علاقے سے بھی ایک لاش برآمد ہوئی۔

شاہراہ نورجہاں میں سیاسی جماعت کا کارکن سجاد ہلاک ہوگیا۔ مچھر کالونی میں بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہواجبکہ پیر کے روز فائرنگ سے زخمی ہونیوالا وکیل بھی منگل کو دم توڑگیا۔

دو مزید واقعات میں نیشنل اسٹیڈیم روڈ اورفائیو اسٹارچورنگی پر فائرنگ سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔