پاکستان سپر لیگ سیزن تھری میں کراچی کنگز کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، ایونٹ کے آٹھویں میچ کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 27 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور قلندرز کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے۔
کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 160 رنز کا ہدف دیا لیکن لاہور قلندرز کی ٹیم 132 رنز بنا سکی۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے دھواں دار آغاز فراہم کیا اور صرف چار اوورز میں 36 رنز بنا ڈالے۔
اگلی دس گیندوں پر میچ کی صورتحال کیا ہونے والی تھی کسی کو علم نہ تھا، پہلے ڈینلی 28 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے، پھر مستفیض رحمان نے بابر اعظم کو ایل بی ڈبلیو کیا، اس کے بعد خرم منظور کو 8 رنز پر سنیل نارائن نے پویلین کی راہ دکھائی، تینوں وکٹیں 36 کے اسکور پر ہی گریں۔
یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد انگرام اور بوپارا میدان میں اترے، دونوں بیٹسمینوں نے نہ صرف وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا بلکہ رنز بنانے کی رفتار بھی سست نہ پڑنے دی اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 50 رنز جوڑ کر اسکور 86 تک پہنچادیا، لیکن شاہین آفریدی اور عمر اکمل نے باؤنڈری لائن پر مشترکہ طور پر شاندار کیچ لے کر انگرام کو 28 رنز پر پویلین کی راہ دکھا دی۔
محمد رضوان صرف ایک رن بنا سکے جبکہ کپتان عماد وسیم 15 رنز پر سہیل خان کی سلو ڈلیوری پر اُن ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شاہد آفریدی نے آتے ہی پہلی گیند پر چھکا لگایا تو کراچی کنگز کے حامیوں کا جوش آسمان کی بلندیاں چھونے لگا لیکن آفریدی نے اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہوکر شائقین کے جوش کو مایوسی میں بدل دیا۔
روی بوپارا اور محمد عرفان نے آخری 20 گیندوں پر42 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 159 رنزتک پہنچادیا، بوپارا نے ناقابل شکست 50 جبکہ عرفان نے 16 رنز بنائے۔
سہیل خان، یاسرشاہ اور سنیل نارائن نے دو، دو جبکہ مستفیض الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے اننگز شروع کی تو پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر سنیل صرف ایک رن بنا کر عثمان خان کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔
سنیل نارائن کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان بیٹنگ کے لئے اور مک کولم کے ساتھ مل کر تیزی سے اسکور کو آگے بڑھایا اور دوسری وکٹ کی شراکٹ میں 69رنز جوڑ کر اسکور 70 رنز تک پہنچادیا۔
اس موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ لاہور قلندرز ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلے گی لیکن کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے بولنگ میں تبدیلی کی اور شاہد آفریدی کو اٹیک کے لئے لائے، آفریدی نے بھی کپتان کو مایوس نہیں کیا اور فخرزمان کو 19 رنز پر پویلین کی راہ دکھادی۔
اگلے ہی اوور میں عماد وسیم نے مک کولم کو 44 رنز ایل بی ڈبلیو کردیا،عمر اکمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر سکے اور صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہو گئی اور پوری ٹیم 18 اعشاریہ 3 اوورز میں 132 رنز بنا سکی۔ یوں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 27 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔
کراچی کنگز کی طرف سے عثمان خان اور شاہد آفریدی نے تین، تین ، ملز نے 2 جبکہ عماد وسیم اور محمد عرفان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہےجبکہ ملتان سلطانز کے چار پوائنٹس ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو، دو پوائنٹس ہیں، لاہور قلندرز اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی۔
ایونٹ میں منگل کو آرام کا دن ہے جبکہ بدھ کو ایک میچ کھیلاجائے گا، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
کراچی —