امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کی طرف سے پاکستانی شہر کراچی کے لیے بھیجا گیا طبی سامان پاکستان پہنچ گیا۔ جسے کراچی کے مختلف اسپتالوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
'ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن' کی ایما پر امریکہ کی ایک غیر منافع بخش تنظیم 'میڈیکل برجز' نے یہ طبی سامان کراچی بھجوایا ہے۔
چند ماہ پہلے جب کراچی کے میئر وسیم اختر نے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کا دورہ کیا تو کراچی کے اسپتالوں کے لئے ادویات،سرنجز، بیڈز اور طبی شعبے میں استعمال ہونے والی دوسری ضروری اشیا کا ایک کنٹینر ان کے حوالے کیا گیا تھا۔
Your browser doesn’t support HTML5
چند روز پہلے یہ سامان کراچی پہنچا اور اب یہ اشیا اسپتالوں کو فراہم کی جا رہی ہیں۔
ہیوسٹن اور کرا چی کے درمیان سن 2009 سے 'سسٹر سٹی' کا تعلق قائم ہے۔ جس کے تحت تعلیم، تجارت، انسانی فلاح، ہیلتھ کیئر اور ثقافت کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا جاتا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ایسوسی ایشن نے اپنے قیام کے پہلے سال ہی کراچی کے فائر ڈپارٹمنٹ کے لیے آگ بجھانے کے جدید آلات کا ایک کنٹینر بھجوایا تھا اور سن 2016میں 'ہیلپینگ ہینڈ' نامی فلاحی تنظیم کے تعاون سے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پانی صاف کرنے کا ایک پلانٹ نصب کیا تھا، جو اب مقامی آبادی کو ہزاروں گیلن پانی فراہم کر رہا ہے۔
سعید شیخ, جو سن 2011 سے ایسوسی ایشن کے صدر ہیں. انہوں نے بتایا کہ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کراچی یونیورسٹی کے ماس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ میں قائم آڈیٹوریم کو جدید آلات سے لیس کرنے اور کلفٹن میں ایک تفریحی پارک کی تعمیر نو کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
سعید شیخ کا کہنا ہے کہ کلفٹن میں پارک کی بحالی پر 4 لاکھ ڈالر کی لاگت آئے گی اور ریاست ٹیکساس میں تیل کے کاروبار سے منسلک پاکستانی نژاد امریکی سید جاوید انور ان منصوبوں کے لئے عطیات فراہم کر یں گے۔
سعید شیخ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کے سرگرم رکن ہیں اور ان کی رضا کارانہ خدمات کے صلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں 'لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ' سے نوازا ہے ۔
ایسوسی ایشن ہر سال رمضان کے مہینے میں مختلف کمیونیٹیز کے درمیان امن اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ہیوسٹن میں افطاری کا اہتمام بھی کرتی ہے۔