کراچی : ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مظاہرہ ، پولیس سے جھڑپیں

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے شیل پھینکے جس کے بعد ریلی کے شرکا مشتعل ہوگئے اور انہوں نے سڑک پر ٹائررکھ کر ان کو آگ لگادی۔اسی دوران کچھ اور مشتعل افراد نے گرومندر کے قریب ایک بس کو بھی آگ لگادی۔
کراچی کا علاقہ نمائش چورنگی جمعہ کی شام اس وقت میدان جنگ بن گیاجب ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ایک تنظیم ’پاسبان عزا‘نے احتجاجی ریلی نکالنے کی کوشش کی جسے پولیس کی طرف سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے شیل پھینکے جس کے بعد ریلی کے شرکا مشتعل ہوگئے اور انہوں نے سڑک پر ٹائررکھ کر ان کو آگ لگادی۔ اسی دوران کچھ مشتعل افراد نے گرومندر کے قریب ایک بس کو بھی نذر آتش کردیا۔

مظاہرین کے ساتھ پولیس کی جھڑپ کے دوران ہوائی فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں اور اس مصروف شاہراہ پر ٹریفک کچھ دیر کے لیے معطل ہوگیااورمتصل علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لےکر انہیں قریبی تھانوں میں منتقل کردیا۔

ریلی کے شرکا نے گرفتاریوں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیتے ہوئے زیر حراست مظاہرین کی رہائی کا مطالبہ کیا۔


دوسری جانب شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور تشدد واقعات کا سلسلہ آج بھی جاری رہا، جس میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

فائرنگ کے واقعات شیر شاہ، ماڑی پور، ریڑی گوٹھ اور گلزار ہجری میں پیش آئے ۔ ان علاقوں میں مجموعی طور پر چار افراد ہلاک ہوئے جبکہ کورنگی سے ایک عورت کی نعش برآمد ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے دو افراد زخمی بھی ہوئے۔