کراچی میں ووٹر لسٹیں مکمل

الیکشن کمیشن کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ کراچی کو پانچ اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر دو کلو میٹر کے بعد ایک پولنگ اسٹیشن بنایا جائے گا، جہاں 1500 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے
کراچی کی ووٹرز لسٹس مکمل ہوگئی ہیں اور ایک ہفتے میں جاری کردی جائیں گی۔ تاہم، ووٹرز کی مجموعی تعداد کے بارے میں الیکشن کمیشن سندھ راز داری سے کام لے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن سندھ کے اعلیٰ عہدیدار محمد نجیب نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو جو کام سونپا گیا تھا وہ اس نے بروقت مکمل کرلیا ہے۔

محمد نجیب نے وی او اے کو مزید بتایا کہ کراچی کو پانچ اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت ہر دو کلومیٹر کے بعد ایک پولنگ اسٹیشن بنایا جائے گااور ہر پولنگ اسٹیشن میں 1200 سے 1500 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریٹرننگ افسران کا تقرر بھی عمل میں آچکا ہے جو 2008 کی ووٹر لسٹوں اور نئی لسٹوں کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ صرف ریٹرننگ افسران ہی یہ کام کرسکیں گے۔

ان کے مطابق ریٹرننگ افسران میں جوڈیشل آفیسرز ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز،ایڈیشنل سیشن ججز اور ماہر تعلیم شامل ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی میں 27 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز ہیں، جبکہ صوبے بھر میں ریٹرننگ آفیسرز کی تعداد 64 ہے۔