کینیا: عمارت منہدم ہونے سے کم ازکم سات افراد ہلاک

شدید بارشوں کے باعث علاقے میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ہفتہ کو حکام نے بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث ایک عمارت منہدم ہونے سے کم ازکم سات افراد ہلاک اور 121 زخمی ہوگئے ہیں۔

کینیا کے ریڈ کراس کے مطابق حوروما کے علاقے میں چھ منزلہ عمارت کے ملبے سے امدادی کارکن تین بچوں اور ایک شخص کو زندہ نکالنے میں کامیاب ہوئے۔

اس عمارت کے گرنے سے اس سے ملحقہ متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ٹی وی پر براہ راست نشر ہونے والے مناظر میں نیشنل یوتھ سروس اور دیگر امدادی تنظیموں کے کارکنوں کو ملبے کے ڈھیر کو ہٹاتے ہوئے دکھایا جا رہا ہے۔

شدید بارشوں کے باعث علاقے میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" سے بات کرتے ہوئے ایک مقامی شخص جیکب کروما، جن کا گھر منہدم ہونے والے عمارت کے قریب واقع ہے، نے کہا کہ یہ عمارت "عجلت" میں تعمیر کی گئی تھی۔

اس کے بقول عمارت تقریباً پانچ ماہ سے بھی کم عرصے میں کھڑی کر دی گئی اور فوراً ہی اس کے 126 کمروں میں لوگوں نے رہنا بھی شروع کردیا۔

اس علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک قانون ساز اسٹیفن کاریوکی نے بتایا کہ رواں سال عمارت کے انہدام کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت مبینہ طور پر ان عمارتوں کو گرانے کے منصوبے میں ناکام رہی ہے جنہیں خطرناک قرار دیا جا چکا ہے۔