کینیا کے شمال میں صومالیہ کے جنگجو گروپ الشباب کے شدت پسندوں کے ایک بس پر حملے میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بس کو روکنے کے بعد حملہ آوروں نے غیر مسلموں کو الگ کر کے اُنھیں ہلاک کر دیا۔
الشباب نے ہفتہ کو اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لوگوں نے یہ کارروائی ساحلی شہر مومباسا میں مسجدوں پر ہونے والے حملے کے ردعمل کے طور پر کی۔
بس دارالحکومت نیروبی جا رہی تھی کہ اُسے مندیرا کے علاقے میں روکا گیا۔ یہ علاقہ صومالیہ کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
صومالیہ میں موجود شدت پسند تنظیم 2011ء سے کینیا میں حملے کرتی آئی ہے۔ اسی وجہ سے کینیا نے دہشت گردوں کے خلاف لڑائی کے لیے اپنے فوجی صومالیہ کے شمال مشرقی علاقوں میں بھیجے تھے۔
کینیا کی وزارت داخلہ کے مطابق بس پر ساٹھ افراد سوار تھے۔
مندیرا کا علاقہ جو صومالیہ اور ایتھوپیا کی سرحد پر واقع ہے وہاں حالیہ برسوں میں کشیدگی کے باعث سینکڑوں افراد نقل مکانی پر بھی مجبور ہوئے۔
روں ماہ کے اوائل میں کینیا کے شمالی مغربی ترکانا کاؤنٹی میں مسلح افراد کے حملے میں 20 پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔