کینیا میں مسلح افراد نے حملہ کر کے کم از کم 36 کان کنوں کو ہلاک کردیا ہے۔
ماندیرا نامی علاقے میں منگل کو علی الصبح عینی شاہدین کے مطابق حملے کے وقت کان کن اپنے اپنے خیموں میں سو رہے تھے۔
صومالیہ کے شدت پسند گروپ الشباب نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
گزشتہ ماہ ہی الشباب نے کینیا کی سرحد کے قریب حملہ کر کے 28 افراد کو ہلاک کیا تھا۔
ایک روز قبل بھی مسلح افراد کی طرف سے ملک کے شمال مشرقی علاقے واجیر میں حملہ کیا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور لگ بھگ 12 زخمی ہوگئے تھے۔
ماندیرا کے ایک اعلیٰ اتنظامی عہدیدار علی روبا نے خبر رساں ایجنسی "رائٹرز" کو بتایا کہ "ایک بار پھر اسی طرح کا واقعہ پیش آیا ہے جیسا کہ حالیہ ہفتوں میں بس پر ہونے والا حملہ تھا۔"
گزشتہ ماہ حملہ آوروں نے ایک مسافر بس کو روک کر شناخت کے بعد اس پر سوار غیر مسلموں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔